ٹیکسپو 2024 ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ٹیکسٹائل اینڈ لیدر ڈویژن کے زیر اہتمام ایک اہم ٹریڈ مارک ایونٹ ہے، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان

90
Jam Kamal Khan
Jam Kamal Khan

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ٹیکسپو 2024 ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ٹیکسٹائل اینڈ لیدر ڈویژن کے زیر اہتمام ایک اہم ٹریڈ مارک ایونٹ ہے، یہ غیر معمولی تقریب پاکستان کی متحرک ٹیکسٹائل اور چمڑے کی صنعتوں کی نمائش کرے گی۔ پیر کو وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر تجارت نے کراچی میں منعقد ہونے والے ٹیکسپو کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ اس بین الاقوامی نمائش کا انعقاد 23 تا 25 اکتوبر ایکسپو سینٹر کراچی میں ہوگا۔ نمائش میں 500 سے زائد غیر ملکی مندوبین ، 270 سے زائد نمائش کنندگان اور 8 ہزار سے زائد کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ افراد شرکت کریں گے ۔نمائش میں ٹیکسٹائل اور چمڑے کے شعبوں سے وابستہ افراد اپنی مصنوعات کو پیش کریں گے ۔ اس ایونٹ میں ایک فیشن شو کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستان کے 25پلس ٹاپ فیشن ڈیزائنرز شامل ہوں گے۔ یہ شوکیس عصری ڈیزائن اور روایتی دستکاری کو اجاگر کرے گا۔ تقریب مقامی اور بین الاقوامی کاروباری اداروں کے درمیان نیٹ ورکنگ میں سہولت فراہم کرے گی، شراکت داری اور تجارتی معاہدوں کو قابل بنائے گی جس سے صنعت کو تقویت ملے گی۔

جاری بیان کے مطابق نمائش میں صنعت کے پیشہ ور افراد، درآمد کنندگان، خریدار، اور دنیا بھر سے کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ افراد،فیشن کے شائقین، طلباء اور عام لوگ جو ٹیکسٹائل اور چمڑے کے تازہ ترین رجحانات میں دلچسپی رکھتے ہیں شرکت کریں گے ۔