ٹیکس ریکوری کے حوالے سے اہداف کی تکمیل کیلئے افسران و عملہ مستعد ہے، ڈسٹرکٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر

128
سگریٹس پر ٹیکسوں کے اضافہ سے سگریٹ کی کھپت میں نمایاں کمی آئی ، رپورٹ

شیخوپورہ۔ 09 دسمبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر شیخوپورہ سید معین شاہ نے کہا ہے کہ ٹیکس ریکوری کے حوالے سے اہداف کی تکمیل کیلئے افسران و عملہ مستعد ہے اور امور ذمہ داری کی انجام دہی فرض شناسی سے یقینی بنائی جارہی ہے تاکہ محکمانہ اعلیٰ کارکردگی کی روایت قائم رکھی جاسکے ۔

یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن شیخوپورہ نے ٹیکس اہداف کی سوفیصد تکمیل یقینی بنائی جسے اعلیٰ افسران کی طرف سے سراہا گیا اورتعریفی سرٹیفکیٹس کی صورت میں حوصلہ افزائی کی گئی۔ سید معین شاہ نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے عمل کو موثر بنانے کیلئے مربوط لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے اورجدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ٹیکس دھندگان کا تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے جس سے فیلڈ عملہ کونادھندگان کے حوالے سے رہنمائی حاصل ہورہی ہے جس سے کارروائیوں میں بڑی سہولت مل رہی ہے جبکہ بروقت ٹیکس کی ادائیگی کا رجحان بڑھانے کیلئے بھی آگاہی مہم چلائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کے تحت انجام دیئے جانے والے تمام امورکو اوپن رکھا گیا ہے اور تمام معلومات ویب سائیٹس کی صورت میں میسر ہیں جن سے استفادہ کرتے ہوئے شہری واجب الادا ٹیکسوں کی آن لائن ادائیگی بھی یقینی بناسکتے ہیں، ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ٹیکس دھندگان کوکسی طرح کی مشکل کاسامنا نہ کرنا پڑے اور اسی سوچ کے تحت ٹیکس دھندگان کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔