لاہور۔11جولائی (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام کو آسان اور زیادہ موثر بنانے کے لئے اصلاحات کی ضرورت ہے۔جمعرات کو یہاں مسلم خان بونیری کی قیادت میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹیکسوں کی ادائیگیوں کے طریقہ کار و نظام الاوقات اور ٹیکسوں کے نظام کو دوستانہ بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکس فائلنگ و ادائیگیوں سے ٹیکس سسٹم زیادہ موثر اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا خاتمہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو ان کی ذمہ داریوں اور ادائیگیوں کے فوائد کے بارے آگاہی دینا بھی از حد ضروری ہے، اس سے ٹیکس کلچر کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ افتخار علی ملک نے مزیدکہا کہ ٹیکس قوانین کو آسان بنایا جائے تاکہ وہ عام ٹیکس دہندگان کے لیے زیادہ قابل فہم ہوں اور پیشہ وارانہ مدد کی ضرورت کم سے کم پیش آئے، ٹیکس نظام میں شفافیت اور جوابدہی لانے کیلئے ٹیکس قوانین کا واضح ہونا اور مستقل نفاذ ضروری ہے ،اس سے ٹیکس دہندگان کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اصلاحات نافذ کرنے سے ٹیکس ادائیگیوں میں اضافہ ہو گا، ٹیکس کی بنیاد وسیع اور اقتصادی ترقی و استحکام کو فروغ حاصل ہو گا۔