ٹیکس نظام کو موثر، شفاف اور منصفانہ بنانے اورمینوفیکچرنگ شعبہ و تنخواہ دار طبقے پرٹیکسوں کے بوجھ کو متوازن بنانے میں پرعزم ہیں،وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی کوکاکولاگلوبل کے سی ای او کریم یاہی سے ملاقات میں گفتگو

112

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ٹیکس نظام کو موثر، شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس کے نظام کو مزید بہتر بناناچاہتی ہے تاکہ انسانی مداخلت کو ختم کیا جائے،بدعنوانی کاخاتمہ ہو اور شفافیت کویقینی بنایاجاسکے۔مجموعی قومی پیداوارکے تناسب سے ٹیکسوں میں اضافہ،ٹیکس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے اور مینوفیکچرنگ و تنخواہ دار طبقے پر عائد بوجھ کو متوازن بنانے میں پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں کوکاکولاگلوبل کے سی ای او کریم یاہی سے ملاقات میں کہی جنہوں نے وفد کے ہمراہ وزیر خزانہ سے ملاقات کی۔

وفد میں جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کیلئے علاقائی ڈائریکٹر احمد کورسد ایردن، سی سی آئی پاکستان کے جنرل منیجر سونے سانلی اور سی سی آئی پاکستان کے ڈائریکٹر کارپوریٹ افیئرز اینڈ سسٹین ایبلٹی سید عمر شامل تھے۔ وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے سینئر افسران بھی اس موقع پرموجودتھے۔ملاقات کے دوران سی سی آئی کے وفد نے وزیر خزانہ کو پاکستان میں اپنے وسیع آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ کمپنی کی سات جدید پیداواری تنصیبات ہیں، بریفنگ میں بتایاگیاکہ کمپنی پاکستان کی معیشت میں نمایاں سرمایہ کاری کے ذریعہ اپنا کرداراداکررہی ہے، کمپنی کی وجہ سے ہزاروں براہ راست اور بالواسطہ روزگارکے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔

وفد نے اپنے کاروبار کی توسیع کے لیے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے اپنے منصوبوں پربھی روشنی ڈالی۔وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان میں اہم سرمایہ کار اور معیشت کے اہم شراکت دار کے طور پرکوکاکولا کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کمپنی کی پائیدار کاروباری طریقوں کو فروغ دینے، صنعتی ترقی کو بڑھانے اور ملک بھر میں ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کی کوششوں کوبھی سراہا۔ وزیر خزانہ نے جدت، ترقی اور پائیداری کو فروغ دینے کے ضمن میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کااعادہ کیا۔ملاقات میں ٹیکسیشن پالیسیز اور ان کے مشروبات کے شعبے پر اثرات پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ حکومت منصفانہ ٹیکس پالیسیز کو فروغ دے رہی ہے تاکہ اقتصادی ترقی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پائیدار محصولات کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے سی سی آئی کے حکومت کے ساتھ پالیسی امور پر فعال بات چیت کے عمل کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ ایسا مکالمہ کاروباری طریقوں کو قومی اقتصادی اہداف سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بہت ضروری ہے۔ملاقات میں فریقین نے تمام شراکت داروں کے ساتھ مسلسل مشاورت اور بہتر پالیسی فریم ورک کے لیے کام کرنے کے عزم کے اعادہ کیا تاکہ پاکستان میں پائیدار وطویل المیعاداقتصادی ترقی کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔