لاہور۔6اپریل (اے پی پی):صدروفاق ہائےصنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی )عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی جہاں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے تناسب کو بڑھانے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے ،وہیں پر اسے صرف ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے اور ٹیکسیشن نظام کو آسان بنانے کے ذریعے ہی حاصل کرنے پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ5 سالوں میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کا تناسب 15 فیصد حاصل کرنے کا واحد عملی طریقہ ٹیکس نیٹ میں 1.5 سے 2 ملین نئے ٹیکس دہندگان کو شامل کرنا ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ٹیکس اور ایف بی آر کی اصلاحات کو بز نس کمیونٹی کی مشاورت کے بغیر نہیں کرنا چاہیے، ماضی میں اس قسم کی کوششیں متعدد بار ناکام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے لیے سہہ جہتی حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے کہاکہ شفافیت اور منصفانہ بنانے کے لیے ٹیکس نظام کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن ،تاجر برادری کی مشاورت سے ایف بی آر میں ریفارمز ،ٹیکس مشینری میں بد انتظامی کا خاتمہ اور صنعت و تجارت کو ہراساں کرنے سے اجتناب شامل ہیں