ٹیکس کی بنیادمیں وسعت، ٹیکس نظام کی شفافیت اورڈیجیٹلائزیشن کیلئے اقدامات کاسلسلہ جاری رہے گا، چیئرمین ایف بی آر

108
FBR
FBR

اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):چیئرمین ایف بی آرملک امجدزبیرٹوانہ نے کہاہے کہ ٹیکس کی بنیادمیں وسعت، ٹیکس نظام کی شفافیت اورڈیجیٹلائزیشن کیلئے اقدامات کاسلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے یہ بات منگل کویہاں کلیدی ٹیکس گزاروں اوربرآمد کنندگان کوایوارڈز دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ تقریب میں وفاقی وزرا، سینئرسرکاری افسران اورکلیدی ٹیکس گزاروں وبرآمد کنندگان نے شرکت کی۔چیئرمین ایف بی آرنے ایوارڈلینے والے کلیدی ٹیکس گزاروں اوربرآمد کنندگان کو مبارکباددی اورکہاکہ ان کی خدمات کی وجہ سے ٹیکسوں اورزرمبادلہ میں اضافہ ہورہاہے جوملکی ترقی کیلئے ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمدشہباز شریف معیشت اورایف بی آر میں جتنی دلچسپی لے رہے ہیں وہ خوش آئند ہے ماضی میں کسی بھی وزیراعظم نے ایف بی آرکواتنی توجہ نہیں دی ہے ۔ وزیراعظم ملک کی تیزترترقی اورلوگوں کی فلاح وبہبودچاہتے ہیں، وزیراعظم ٹیکس گزاروں اوربرآمدکنندگان کے مسائل جوحل کرنے اوران کیلئے سہولیات فراہم کرنے میں بھی گہری دلچسپی لے رہے ہیں ، وزیراعظم نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں ایف بی آر کو زیرالتوا ٹیکس ری فنڈ جاری کرنے کی ہدایت کی تھی جس پراگلے ہی روزعمل درآمدکردیا گیا اوربرآمدکنندگان کے زیرالتواٹیکس ری فنڈز کی ادائیگی کردی گئی۔

وزیراعظم کی ہدایت پر تمام فیلڈ فارمیشنز کوموخرادائیگیوں کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔ چیئرمین ایف بی آرنے ایف بی آرمیں اصلاحات کاذکرکرتے ہوئے کہاکہ ڈیجیٹلایزیشن اورایف بی آر کے پراسیسزز کو آٹومیٹ کرنے کیلئے معاہدے پردستخط ہوگئے ہیں، اس عمل کوجلد از جلد مکمل کرنے میں پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت پر قانونی چارہ جوئی والے کیسوں کوترجیحی بنیادوں پرحل کیا جارہاہے۔چیئرمین ایف بی آر نے کہاکہ کلیدی ٹیکس گزار، برآمد کنندگان ، آئی ٹی اورکاروباری خواتین کی خدمات قابل تعریف ہیں ، یہ افراد ملکی محصولات اورزرمبادلہ میں اضافہ کے حوالہ سے اپنا اہم کرداراداکررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکس کی بنیادمیں وسعت، ٹیکس نظام کی شفافیت اورڈیجیٹلائزیشن کیلئے اقدامات کاسلسلہ جاری رہے گا۔