اسلام آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی) فیڈرل بورڈآف ریونیو(ایف بی آر) کے چئیرمین جاوید غنی نے ٹیکس گزاروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے مسائل کے فوری حل کے لئے ایف بی آر کے تمام ذیلی دفاتر کو احکامات جاری کئے جا چکے ہیں۔انہوں نے یہ بات ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں ای کچہری کے دوران کہی ۔ترجمان ایف بی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی تعمیل میں چیئرمین ایف بی آر محمد جاوید غنی نے ٹیکس گزاروں کی آن لائن شکایات سنی۔چئیرمین ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کی شکایات کے ازالہ کیلئے موقع پر متعلقہ ونگزکے ممبران کو کو ہدایات جاری کیں ۔ ٹیکس گزاروں نے ٹیلی فون نمبر 111772772 پر کال کرکے براہ راست چیئرمین ایف بی آر کو مسائل سے آگاہ کیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کے فوری حل کے لئے ایف بی آر کے تمام ذیلی دفاتر کو احکامات جاری کئے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایف بی آر ٹیکس گزاروں کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہا ہے تاکہ ٹیکس گزاروں کا ادارے پر اعتماد بڑھے۔