اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شمالی امریکہ اور یورپ میں مقیم پاکستانیوں پر متعلقہ اداروں اور نجی شعبے کے ساتھ ٹیکنالوجی، مہارت اور فکری سرمائے کی منتقلی کیلئے روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ اشتراک سے پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کے معیار میں قابل ذکر تبدیلی آسکتی ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان ڈیسنٹ فزیشن سوسائٹی (پی پی ایس)کے صدر ڈاکٹر آصف سید سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے پیر کو ایوانِ صدر میں ان سے ملاقات کی۔
صدر نے کہا کہ پاکستانی تارکین شمالی امریکہ اور یورپ میں اعلیٰ تعلیمی اور تحقیق و ترقی کے اداروں کے درمیان علم کی منتقلی کیلئے پاکستانی اداروں کے ساتھ روابط پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان میں کورونا اور حالیہ سیلاب کے دوران پاکستانی ڈیسنٹ فزیشنز سوسائٹی کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کے ساتھ اشتراک سے پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کے معیار میں قابل ذکر تبدیلی آسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوسائٹی پاکستان کے صحت کے شعبے میں تکنیکی ترقی لانے میں فعال کردار ادا کر سکتی ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان میں اشیائے ضروریہ کے سٹرٹیجک ریزرو قائم کرنے کے خیال کو بھی سراہا جس میں قدرتی یا انسانی آفات سے نمٹنے کے لیے درکار امدادی سامان اور ضروری ادویات کا سٹریٹجک ریزرو شامل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قوم کو درپیش معاشی مسائل کو حل کرنے خاص طور پر یوریا کی دستیابی کو یقینی بنانے اور آبادی کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان میں کورونا وباءاور حالیہ سیلاب کے دوران پاکستان ڈیسنٹ فزیشنز سوسائٹی کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا نے کوویڈ 19 سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے سوسائٹی کی امریکہ میں پاکستان کے میڈیکل گریجویٹس کی تربیت اور انہیںمعاونت فراہم کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ صدر نے کہا کہ حکومت کے ساتھ پی پی ایس کے اشتراک سے پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کے معیار میں قابل ذکر تبدیلی آسکتی ہے اور سوسائٹی پاکستان کے صحت کے شعبے میں تکنیکی ترقی لانے میں فعال کردار ادا کرسکتی ہے جس کے نتیجے میں ہمارے نوجوان ڈاکٹروں کو عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر آصف سید نے سوسائٹی کے کردار اور پاکستان کیلئے خدمات کے بارے میں صدر مملکت کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈیسنٹ فزیشنز سوسائٹی ایک طبی غیر منافع بخش تنظیم ہے جس میں الینوائے، مشی گن، انڈیانا اور وسکونسن کے چھہ سو سے زائد معالجین شامل ہیں۔ یہ تنظیم امریکہ اور پاکستان میں مفت کلینکس، حفاظتی ٹیکوں کی مہم، ڈیزاسٹر ریلیف اور خوراک/راشن کی فراہمی سمیت صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کے علاوہ دیگر سہولت فراہم کرتی ہے جبکہ وہ جناح ہسپتال کراچی میں اینڈوسکوپی سویٹ کے قیام اور ملک میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے بھی کام کر رہی ہے۔