ٹیکنالوجی ، گلو بلائزیشن اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے نے دنیا کو بدل دیا ،ٹیکس محصولات میں اضافہ ناگزیر ہے، آئی ایم ایف

121
IMF
IMF

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی ، گلو بلائزیشن اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے نے دنیا کو بدل کر رکھ دیا ہے اس لئے ٹیکس محصولات میں اضافہ ناگزیر ہے۔

آئی ایم ایف نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے کرہ ارض کوسنگین خدشات لاحق ہیں جبکہ مختلف ممالک کو ٹیکس کے مسائل کا سامنا ہے، ٹیکس کی چوری سے نہ صرف حکومتی آمدنی متاثر ہوتی ہے بلکہ سماجی تحفظ کے اخراجات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے سرمایہ کاری پر بھی منفی اثر پڑتا ہے، مزید برآں ٹیکس چوری عدم مساوات کی بڑھوتری کا بھی سبب بنتی ہے۔

فنڈ نے عالمی برادری کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کے نظام میں کسی ایک ملک کی غلطی سے دیگر ممالک بھی متاثر ہوتے ہیں اس لئے ہر ملک ٹیکس کے نظام میں ہم آہنگی کے حوالے سے دیگر ممالک کے تجربات سے استفادہ کو یقینی بناتے ہوئے باہمی اشتراک کار کو فروغ دے ۔

ادارے کا کہنا ہے کہ پلک جھپکنے سے کم دورانیے میں کوئی فرد یا کمپنی اپنی رقوم / منافع جات دوسرے ممالک منتقل کر سکتے ہیں، پیداواری عمل ٹیکنالوجی کی بنیاد پر بہتر بنایا جاسکتا ہے اور اثاثہ جات دنیا کے کسی بھی حصہ میں رکھے جا سکتے ہیں، اسی طرح آجر اور اجیر بھی دو علیحدہ علیحدہ ممالک میں کام کر سکتے ہیں جس سے آمدن اور پیداواری ذرائع متنوع ہوچکے ہیں۔