ڈیرہ اسماعیل خان ۔ 23 دسمبر (اے پی پی):تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈیرہ کے ملازمین اور پنشنرز کی جانب سے 4ماہ کی تنخواہیں اور پنشن کی عدم ادائیگی کے حوالے سے احتجاج رنگ لے آیا۔صوبائی حکومت نے ٹی ایم اے ڈیرہ کے ملازمین اور پنشنرز کو چار ماہ کی تنخواہیں اور پنشن کی ادائیگی کےلئے ساڑھے چار کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کر دی ، پنشنرز کو آکٹرائے فنڈرز سے ایک ماہ کی پنشن کی ادائیگی ہوچکی ہے، اسی طرح 25دسمبر کرسمس کی خوشی کے موقع پر مسیحی پنشنرز کو ایک ماہ کی پنشن اور مسیحی ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہ پہلے ہی ادا کی جا چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق جونہی ٹی ایم اے ملازمین اور پنشنرز کو ملنے والی گرانٹ سے تنخواہیں اور پنشن ادا ہو جائے گی ،ٹی ایم اے ملازمین اپنی جاری ہڑتال ختم کردینگے، ٹی ایم اے کے ملازمین اور پنشنرز نے گرانٹ کے جاری ہونے پر پاکستان ورکر زفیڈریشن اور ٹی ایم اے سٹاف یونین کے چیئرمین محمد ریحان ، وائس چیئرمین قیصرکامران ، ٹی ایم اے سٹاف یونین کے صدر رفیق چشتی ، منیر سدوزئی سمیت دیگر عہدیداران کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔