ٹنڈومحمدخان ۔ 25 نومبر (اے پی پی):ڈی ایچ او ٹنڈومحمدخان محمد یوسف جیجہو نے کہا کہ آج کے جدید دور میں کوئی بھی مرض لاعلاج نہیں رہا، ٹی بی قابل علاج مرض ہے، ٹی بی کے مستقل کورس سے ہمیشہ کے لیے نجات مل سکتی ہے، تاہم علاج کے ساتھ احتیاطی تدابیر بھی لازمی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈومحمدخان میں مرسی کور کمپنی کی جانب سے (ٹی بی لاعلاج مرض نہیں) کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔سیمینار سے مرسی کور کمپنی کے صوبائی کوآرڈینیٹر امجد رفیق میرانی ،ڈاکٹر محمد شریف، ڈاکٹر مظہرالحق نظامانی سمیت دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ صحت ٹی بی کے سو فیصد خاتمے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے، اچھی صحت ہی انسان کو تندرست رکھ سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مرسی کور کمپنی دیہی علاقوں میں ٹی بی سے نجات کے لئے فری کیمپ کا انعقاد کرے گی جہاں ٹی بی کی مکمل ادویات مفت فراہم کی جائیں گی، مفت کیمپوں میں ٹی بی کے مفت ٹیسٹ کیے جائیں گے تاکہ اندازہ لگایا جا سکے کہ مرض پر کس حد تک کنٹرول کیا ہے۔