ٹی وی دیکھتا ہوں تو مجھے دوستوں کی سختی گفتار سن کر مایوسی ہوتی ہے، صدر مملکت کا ٹویٹ

46

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ٹی وی دیکھتا ہوں تو مجھے دوستوں کی سختی گفتار سن کر مایوسی ہوتی ہے جو ایک دوسرے کے اندر صرف عیب اور گندگی تلاش کرتے ہیں، گویا دوسروں پر کیچڑ اچھالنا ہی نجات کا مختصر ترین راستہ ہے۔

بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں صدر نے کہا کہ اس صورتحال میں مجھے شمس تبریزی کی یاد آتی ہے جنہوں نے کہا: "اصل گندگی اندر کی گندگی ہے۔ سطحی آلودگی آسانی سے دھل جاتی ہے۔ مگر جسے شفاف پانی سے بھی صاف نہیں کیا جا سکتا وہ ہے نفرت اور تعصب جو روح کو گھٹیا بناتے ہیں۔

ہم اپنے جسم کو پرہیزگاری اور روزے سے پاک تو کر سکتے ہیں، لیکن صرف محبت، عفو اور درگزر ہی ہمارے دلوں کو پاک کر سکتے ہیں” صدر عارف علوی نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ وہ ہماری اس کام میں مدد کرے۔