ابوظہبی۔3نومبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں دوبارہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرنا اعزاز کی بات ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کی عالمی رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے اور ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرنے پر زیادہ خوشی ہوئی ہے۔
بدھ کے روز ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد اپنے بیان میں کپتان بابر اعظم نے کہا کہ نمبر ون پوزیشن کے بعد ذمہ داری بڑھ جاتی ہے۔ میری یہی کوشش ہوگی کہ طویل عرصے تک نمبر ون پوزیشن کو برقرار رکھ سکوں۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ ایک ٹیم گیم ہے اور ٹیم میں شامل ہر کھلاڑی فتوحات میں اپنا بھرپور حصہ ڈال رہا ہے۔ ہم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
بحیثیت کپتان بڑا فخر ہوتا ہے آپ کی ٹیم کے کھلاڑی مین آف دی میچ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اچھی بات ہے کھلاڑی ذمہ داری لے رہے ہیں، رینکنگ میں اوپر آرہے ہیں، کھلاڑیوں کی رینکنگ میں اچھی پوزیشن سے مجھے بھی اعتماد ملتا ہے۔