ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ،جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 4وکٹوں سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر لی،تبریز شمسی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

107

شارجہ۔30اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2021میں جنوبی افریقہ نے سپر 12 رائونڈ کے اہم میچ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ پروٹیز نے آئی لینڈرز کی طرف سے دیا گیا 143 رنز کا ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ تیمبا بووما نے 46 اور ڈیوڈ ملر نے ناقابل شکست 23 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

سری لنکن اوپنر پاتھم نسانکا کی 72 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔ تبریز شمسی کو شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ ہفتہ کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 25 ویں میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان تیمبا بووما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جودرست ثابت ہوا۔ سری لنکا کی جانب سے پاتھم نسانکا اور کوشل پریرا نے اننگز کا آغاز کیا مگر بڑی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہے۔ کوشل پریرا 20 رنز بنا کر اینرخ نوکیا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ اس موقع پر پاتھم نسانکا اور چاریتھ اسالانکا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور 61 تک پہنچا دیا۔

اسالانکا بدقسمت رہے اور21 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے۔ اگلے ہی اوور میں تبریز شمسی نے بھنوکا راجا پاکسے کو صفر پر آئوٹ کر دیا۔ سری لنکا کی چوتھی وکٹ بھی جلد گر گئی تبریز شمسی نے ایوشکا فرنینڈو کو 3 کے انفرادی سکور پر پویلین واپس بھیج دیا۔ سری لنکا کو پانچواں نقصان 91 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب ونندو ہسارنگا ڈی سلوا 4 رنز بنانے کے بعد تبریز شمسی کی گیند پر ایڈن مارکرم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ پاتھم نسانکا نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی، دوسرے اینڈ سے سری لنکا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور کپتان ڈاسن شنکا 11 رنز بنا کر پریٹوریئس کی گیند پر ربادا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔

اس موقع پر پاتھم نسانکا نے تیزی سے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور 19 ویں اوور میں ٹیم کا سکور 131 تک پہنچا دیا۔ انہوں نے تین چھکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے۔ اس طرح سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے۔ تبریز شمسی اور پریٹوریئس نے تین، تین جبکہ اینرخ نوکیا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف دلچسپ مقابلے کے بعد 19.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

کپتان تیمبا بووما نے 46 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ آخر میں ڈیوڈ ملر نے 13 گیندوں پر 23 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر جنوبی افریقہ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ دیگر بیٹرز میں ایڈن مارکرم 19 ، ریسی وین ڈر ڈاسن 16 ، کوئنٹن ڈی کاک 12 اور ریزا ہینڈرکس 11 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ونندو ہسارنگا ڈی سلوا نے تین اور دشمانتھا چمیرا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ تبریز شمسی کو مرد میدان قرار دیا گیا۔