ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ نے سکاٹ لینڈ کو 16 رنز سے شکست دے دی

115
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ نے سکاٹ لینڈ کو 16 رنز سے شکست دے دی

دبئی۔3نومبر (اے پی پی):آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے سکاٹ لینڈ کو 16 رنز سے شکست دے دی، نیوزی لینڈ کے 173 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سکاٹ لینڈ پانچ وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنا سکی، مارٹن گپٹل کو شاندار کارکردگی دکھانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔بدھ کو دبئی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو کے میچ میں سکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر172 رنز بنائے۔ اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 56 بالوں پر 93 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 6 چوکے شامل ہیں۔ گلین فلپس 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سکاٹ لینڈ کے بائولرز بریڈ وہیل اور سفیان شریف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مارک واٹ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کے 173 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بناسکی۔ مائیکل لیسک نے 20 بالوں پر 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرا سکے۔

میتھیو کراس 27، گریگ منسے 22 اور رچی برنگٹن 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کے بائولر ٹرینٹ بولٹ اور اش سودھی نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ ٹم ساوتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔