شارجہ۔26اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ2021 کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی، پاکستان نے 135 رنز کا ہدف آصف علی کی جارحانہ اننگز کی بدولت 19ویں اوور میں حاصل کرلیا، حارث رئوف کو 4 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
منگل کو شارجہ کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ20 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔
کیوی ٹیم کی جانب سے ڈیرل مچل اور ڈیون کونوے نے 27، 27 رنز سکور کئے جبکہ کپتان کین ولیمسن نے25 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کے فاسٹ بائولر حارث رئوف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کا 135 رنز کا ہدف دلچسپ مقابلے کے بعد 19ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ قومی ٹیم کے اوپننگ بلے بازوں نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا تاہم کپتان بابر اعظم9 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ محمد رضوان نے34 گیندوں پر33 رنز کی خوبصورت اننگز کھیلی۔
فخر زمان، محمد حفیظ اور عماد وسیم 11،11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اس موقع پر تجربہ کار کھلاڑی شعیب ملک نے محمد آصف کے ساتھ مل کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ آصف علی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 12 بالوں پر 27 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
شعیب ملک 27 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کے بائولر ایش سودی نے دو جبکہ ٹم ساوتھی، ٹرینٹ بولٹ اور مچل سینٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر حارث رئوف کو شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=279414