ابوظہبی۔3نومبر (اے پی پی):آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں بھارت نے افغانستان کو 66 رنز سے شکست دے دی، یہ بھارت کی متواتر دو شکستوں کے بعد ایونٹ میں پہلی کامیابی ہے، 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا پائی، روہت شرما کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے۔ اوپننگ جوڑی روہت شرما اور کے ایل راہول نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 144 رنز بنائے۔
روہت شرما نے 74 اور کے ایل راہول نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ رشبھ پانٹ 27 اور ہارڈک پانڈیا 35 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ افغانستان کے بائولر گلبدین نائب اور کریم جنت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں افغانستان کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا سکی، افغان بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی پریشر میں دکھائی دی، کوئی افغان بلے باز بھارتی بائولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔ کریم جنت 42 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ کپتان محمد نبی 35 ، رحمان اللہ گرباز 19 اور گلبدین نائب 18 رنز بنا کرآئوٹ ہوئے۔
بھارت کے فاسٹ بائولر محمد شامی نے بہترین بائولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ روی چندرن ایشون نے دو جبکہ جسپریت بھمرا اور رویندرا جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارتی اوپنر روہت شرما کو شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس طرح بھارت نے افغانستان کو 66 رنز سے شکست دے کر رواں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ اس سے قبل بھارت کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔