ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ۔ سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 20 رنز سے شکست دے دی، چیراتھ اسالانکا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

110

ابوظہبی۔۔4نومبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں سری لنکا نے دفاعی چمپیئن ویسٹ انڈیز کو 20 رنز سے شکست دے دی، سری لنکا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے، 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا سکی، سری لنکن بلے باز چیراتھ اسالانکا کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جمعرات کو ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ 1 کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ چریتھ اسالانکا نے 41 بالوں پر 68 اور پاتھم نسانکا نے 41 بالوں پر 51 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔ کوسل پریرا 29 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ کپتان داسن شناکا 14 بالوں پر 25 رنز کی اننگز کھیل کر ناٹ آئوٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بائولر آندرے رسل نے دو اور ڈوائن براوو نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ سری لنکا کے 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا سکی۔ شمرون ہیٹ میئر 81 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔

ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 8 چوکے شامل ہیں۔ نیکولس پوران نے 34 بالوں پر 46 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ کوئی ویسٹ انڈین بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔ کرس گیل ایک رن، ایوان لوئس 8،روسٹن چیس 9، آندرے رسل 2، جیسن ہولڈر 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ کپتان کیرون صفر پر آئوٹ ہوئے۔ سری لنکا کے بائولرز بینورا فرنینڈو ، چمیکا کرونارتنے اور ہسارانگا ڈی سلوا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ دشمانتھا چمیرا اور داسن شناکا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ سری لنکن بلے باز چیراتھ اسالانکا کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔