ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ افریقہ کوالیفائر ، زمبابوے نے گیمبیا کو عبرتناک شکست سے دوچار کردیا

176
One Day Cricket Match
One Day Cricket Match

نیروبی۔23اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سب ریجنل افریقہ کوالیفائر کے میچ میں زمبابوے نے گیمبیا کو عبرتناک شکست سے دوچار کردیا، زمبابوے نے ٹی ٹونٹی کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور کرکے حریف ٹیم کو ریکارڈ مارجن سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی، زمبابوے کے 345 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گیمبیا کی ٹیم 15ویں اوور میں 54 رنز پر آئوٹ ہوگئی، سٹار آل رائونڈر سکندر رضا نے 33 بالوں پر تیز ترین سنچری بنائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بدھ کے روز نیروبی کے روارکا سپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ افریقہ سب ریجنل کوالیفائر گروپ بی کے میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز کی اننگز کھیل کر تاریخ رقم کردی،

کپتان سکندر رضا نے 33 بالوں پر تیز ترین سنچری سکور کی، وہ 43 بالوں پر 133 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ان کی اننگز میں 15 چھکے اور 7 چوکے شامل ہیں، دیگر بیٹرز میں اوپنر برائن بینٹ نے 26 بالوں پر 50، تادیوناشے مارومانی نے 19 بالوں پر 62 رنز کی اننگز کھیلی ، کلائیو مداندے 17 بالوں پر 53 رنز کی اننگز کھیل کر ناٹ آئوٹ رہے۔ زمبابوے کے 345 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں حریف ٹیم گیمبیا 14.4 اوورز میں صرف 54 رنز بنا پائی ۔ گیمبیا کا صرف ایک بیٹر اپنا سکور ڈبل فگر میں داخل کر سکا جبکہ دیگر 10 بلے باز اپنے سکور کو سنگل ڈیجٹ سے آگے نہ لے جاسکے۔ زمبابوین بائولرز رچرڈ انگاراوا اور برینڈن ماووٹا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، ویسلے نے دو اور ریان برل نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح زمبابوے نے گیمبیا کو 290 رنز کے مارجن سے شکست دے کر ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔