ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو فتح کیلئے 153 رنز کا ہدف دے دیا

95
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو فتح کیلئے 153 رنز کا ہدف دے دیا

سڈنی۔9نومبر (اے پی پی):آ ئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو فتح کیلئے 153 رنز کا ہدف دے دیا، ڈیرل مچل نے 53 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، شاہین آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

بدھ کو سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جارہے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر152 رنز بنائے۔ کیوی ٹیم کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا جب اس کے ابتدائی 3 بیٹرز 49 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر فن ایلن 4، ڈیون کونوے 21 اور گلین فلپس 6 رنز بنا سکے۔

اس موقع پر کپتان کین ولیمسن نے ڈیرل مچل کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور 68 رنز کی شراکت قائم کی۔ کپتان ولیمسن 42 بالوں پر 46 زنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔ ڈیرل مچل نے 35 بالوں پر 53 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔

جیمز نیشم 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ پاکستان کے فاسٹ بائولرز شاہین شاہ آفریدی نے چار اوورز میں 24 رنز کے عوض 2 اور محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔