ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ‘ پاکستان نے افغانستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی، آصف علی کے ایک اوور میں 4 چھکے

45

دبئی۔ 29اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے راہ ہموار کرلی، پاکستان نے 148 کا ہدف 19 اوورز میں حاصل کرلیا، آصف علی نے 19ویں اوور میں 4 چھکے لگا کر پاکستان کو فتح دلائی، جارحانہ اننگز کھیلنے پر آصف علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جمعہ کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو کے اہم میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے بائولرز نے ابتدا میں شاندار بائولنگ کرتے ہوئے افغانستان کے اوپنر کو جلد ہی آئوٹ کردیا۔ ایک وقت پر افغانستان کے 76 کے مجموعی سکور پر 6 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے تاہم کپتان محمد نبی نے گلبدین نائب کے ساتھ شاندار پارٹنر شپ قائم کرکے اپنی ٹیم کے سکور 147 کے تک پہنچا دیا۔

محمد نبی نے 32 بالوں پر 35 اور گلبدین نائب نے 25 بالوں پر 35 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ نجیب اللہ زادران 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اوپنر حضرت اللہ زازئی صفر، محمد شہزاد 8، رحمان اللہ گرباز اور اصغر افغان ,10 10 اور کریم جنت 15 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ پاکستان کے سپنر عماد وسیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رئوف، حسن علی اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

پاکستان نے 148 رنز کا ہدف آصف علی کی جارحانہ اننگز کی بدولت 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر پاکستان میں فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 47 بالوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔ فخر زمان نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد رضوان 8 اور محمد حفیظ 10 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

شعیب ملک 19 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو اس موقع پر پاکستان کو فتح کے لئے دو اوورز میں 24 رنز درکار تھے کہ آصف علی نے 19ویں اوور میں 4 شاندار چھکے لگا کر میچ کا اختتام ایک اوور قبل ہی کردیا۔ آصف علی نے صرف 7 بالوں پر 25 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ افغانستان کے سپنر راشد خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مجیب الرحمان، محمد نبی اور نوین الحق نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

اس طرح پاکستان نے افغانستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے راہ ہموار کرلی ہے۔ پاکستان کے فنیشر آصف علی کو شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔