ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے تیار ہوں، شعیب ملک

136
شعیب ملک

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء میں پاکستان کی طرف سے کھیلنے کے لئے تیار ہوں۔

ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ کے لئے اب بھی دستیاب ہوں، میں کرکٹ اس لئے نہیں کھیل رہا کہ میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ2024 میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں بلکہ میں اس لئے کھیل رہا ہوں کیونکہ میں کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں، میری فٹنس کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق ویسٹ انڈیز کرکٹرکرس گیل کا ریکارڈ توڑ کر ٹی ٹونٹی کرکٹ کا بہترین کھلاڑی بننے کے لئے تقریبا 2000 رنز درکار ہیں، میں کھیلنے کے لئے تیار ہوں۔۔

واضح رہے کہ 41 سالہ تجربہ کار کرکٹر نے آخری مرتبہ تقریبا دو سال قبل بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں حصہ لیا تھا۔ انہوں نے آخری بار لنکا پریمیئر لیگ کے2023 ء ایڈیشن میں جافنا کنگز کی نمائندگی کرنے کے بعد سے کسی قسم کی مسابقتی کرکٹ میں حصہ نہیں لیا ۔