شارجہ۔24اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2021، سری لنکا نےسپر 12 رائونڈ کے اہم میچ میں چاریتھ اسالانکا اور بنورا راجا پکسے کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
آئی لینڈرز نے 172 رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ چاریتھ اسالانکا نے 49 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 80 رنز بنائے جبکہ بنورا راجا پکسے 53 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اسالانکا کو شاندار کارکردگی پر مرد میدان قرار پائے۔
اتوار کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سپر 12 مرحلے کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ بنگلہ دیشی اوپنرز نے 40 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ لٹن داس پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 16 رنز بنا کر لاہیرو کمارا کا نشانہ بن گئے۔
بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ بھی جلد گر گئی جب تجربہ کار آل رائونڈر شکیب الحسن 10 رنز بنانے کے بعد چمیکا کرونارتنے کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ اس موقع پر اوپنر محمد نعیم اور مشفق الرحیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ میں 73 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا سکور 129 تک پہنچا دیا۔ محمد نعیم 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد بنورا فرنینڈو کا نشانہ بنے۔ 150 کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کی چوتھی وکٹ گر گئی جب عفیف حسین 7 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہو گئے۔
مشفق الرحیم نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کپتان محمد اللہ کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 171 تک پہنچا دیا۔ مشفق الرحیم نے 37 گیندوں پر 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ محمد اللہ 10 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے چمیکا کرونارتنے،
بنورا فرنینڈو اور لاہیرو کمارا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں سری لنکا نے مطلوبہ ہدف چاریتھ اسالانکا اور بنورا راجا پکسے کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت 18.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 86 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
چاریتھ اسلانکا نے 49 گیندوں پر 5 فلک شگاف چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 80 رنز بنائے جبکہ بنورا راجا پکسے 31 گیندوں پر 53 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے۔ شکیب الحسن اور نسم احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ چاریتھ اسالانکا کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔