ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان نے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا، بابر اعظم کی نصف سنچری

61

ابوظہبی۔18اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے وارم اپ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ گرین شرٹس نے 131 رنز کا ہدف 16 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

بابر اعظم نے نصف سنچری بنائی۔ پیرکو آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔ شمرون ہٹمیئر 28 ، کپتان کیرن پولارڈ 23 ، کرس گیل 20 اور لینڈل سمنز 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث رئوف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں گرین شرٹس نے ہدف بآسانی 15.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 50 رنز بنائے۔ فخر زمان نے 46 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ شعیب ملک نے 14 اور محمد رضوان نے 13 رنز بنائے۔ ہیڈن واش نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔