اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی تاریخی فتح پر جڑواں شہروں میں بھر پور جشن اور بھارت میں اپنے کرکٹر کے گھروں پر پتھرائو ہوا، قوم کو تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ قوم کو اتنی بڑی خوشی میسر آئی ہے،کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنا چاہتے ہیں، تمام معاملات کو بدھ کو کابینہ اجلاس میں رکھیں گے، افغان شہریوں کے لئے ویزہ فیس اور آن لائن ویزا سروس ختم کر دی گئی ہے۔
پیر کو وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھارت کے خلاف ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا کھیلا گیا میچ صرف کرکٹ نہیں تھی بلک کرکٹ پلس تھی۔ جس طرح بھارتی عوام نے اپنے کرکٹر کے گھروں پر پتھرائو کیا اس کے برعکس پاکستانی قوم نے بابر اعظم ، رضوان اور شاہین آفریدی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور ٹیم کی کامیابی کا جشن بھرپور طریقے سے منایا ۔
ہم نے جڑواں شہروں میں پہلے ہی کنٹینر ہٹا دیئے تھے تاکہ یہاں کے شہری اس تاریخی کامیابی کا جشن بھرپور طریقے سے منا سکیں ۔ یہ پاکستان کی کرکٹ کے میدان میں بہت بڑی فتح ہے۔
بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست ہوئی ہے۔ وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے حکام نے کابل سے آئے لوگوں سے تفصیلی ملاقات کی ہے ۔اس وقت چمن بارڈر بند ہے۔ طورخم سے لوگوں کو سہولت دی جا رہی ہے۔ افغان بیمار شہریوں کو علاج معالجے کے لئے آنے والوں کو اجازت دی گئی ہے ۔ایک دن میں 10 ہزار پاسپورٹ جاری کئے گئے ہیں۔
کسی بھی شہر سے پاسپورٹ لیا جا سکتا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں 1122 سروس ، فروٹ بازار اور خواتین کے لئے بازار لگانے جا رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ ٹی ایل پی کے ساتھ معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنا چاہتے ہیں۔ سعد رضوی کے ساتھ لاہور میں ملاقات کی ہے اور انہیں آگاہ کیا ہے کہ پاکستان کی تنظیموں پر بین الاقوامی اداروں کی نظر ہے۔
فرانس یورپی یونین کا کرتا دھرتا ہے اور پاکستان اسلامی دنیا کی ایک ایٹمی قوت ہے اور دنیا کی ہم پر نظر ہے۔ دشمنوں کی رال ٹپک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توڑ پھوڑ غیر قانونی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹی ایل پی سے مذاکرات اچھے رہے ۔
یہ معاملہ پنجاب حکومت کا تھا لیکن سعد رضوی اور بغدادی کے اسرار پر مجھے کمیٹی میں شامل کیا گیا۔ اس معاملے کو کیبنٹ میں لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو ہدایت کی گئی کہ دینی مدارس کے اکائونٹس بحال کر دیئے جائیں ،اس سے مدارس کے اکائونٹس پر نظر رکھی جاسکتی ہے۔ نادرااور پولیس کو ڈویلپ کررہے ہیں اور کہیں سے بھی ایک دن میں پاسپورٹ حاصل کیا جاسکتا ہے۔
اپوزیشن ٹی وی ٹی وی کھیل رہی ہے اور ان کی بڑھکیں ٹی وی پروگراموں تک محدود ہیں۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ پر امن احتجاج کسی بھی سیاسی جماعت کا حق ہوتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مہنگائی پر قابو پالیں گے۔
مہنگائی کا مسئلہ ضرور ہے لیکن مہنگائی سے متاثرہ چہرے پی ڈی ایم کے جلسے میں نہیں دیکھے۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ چچا اور بھتیجی نے پاکستان میں امریکا کے ناظم الامور سے ملاقاتیں کیں لیکن امریکی ناظم الامور کو یہ پتہ تھاکہ گھر میں دو پارٹیاں ہیں۔ اب پاکستان کی سیاست کا فیصلہ پاکستان میں ہوگا