برسبین۔18اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے سلسلے میں آخری تین وارم اپ میچز کل (بدھ کو ) کھیلے جائیں گے ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا دوسرا اور آخری وارم اپ میچ افغانستان کے خلاف برسبین میں کھیلے گی۔
آئی سی سی کے زیراہتمام ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا رائونڈ آسٹریلیا میں شروع ہو گیا ہے، سپر رائونڈ میں شامل ٹیموں کے درمیان وارم اپ میچوں کا سلسلہ کل بدھ کو ختم ہوجائے گا اور 19 اکتوبر کو آخری تین وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کو بارش سے متاثرہ اپنے پہلے وارم اپ میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ،کل کا پہلا وارم اپ میچ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان برسبین میں کھیلا جائے گا،دوسرا وارم اپ میچ بنگلہ دیش اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان جبکہ تیسرا اور آخری وارم اپ میچ نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کے زیراہتمام ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے کا آغاز 22 اکتوبر سے ہوگا جس میں پاکستان23 اکتوبر کو اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔