پشاور۔ 07 دسمبر (اے پی پی):نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ پائیدار امن کے لئے عوامی سپورٹ اور اشتراک ناگزیر ہے،ضلع باجوڑ سمیت دیگر ضم اضلاع میں امن و امان کے حوالے سے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کااظہار ضم شدہ ضلع باجوڑ میں امن و امان کی صورتحال بارے جرگہ کے موقع پرکیا، جرگہ میں علاقہ عمائدین اور مشران نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ضلع میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،
جرگہ نے ضلع باجوڑ میں امن و امان کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر غور و غوض کیا، شرکاء نے امن و امان کی مجموعی صورتحال کی بہتری کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ امن و امان میں مزید بہتری کے لئے ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ عوامی حلقے بھی اپنا کردار ادا کریں گے، جرگہ نے ریاستی اداروں کے ساتھ ملکر باہمی مشاورت سے علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا اور واضح کیا کہ امن میں رخنہ ڈالنے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ جرگہ نے پاک فوج اور پولیس شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ جوانوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا،
جرگہ نے مقامی اور قومی اداروں کو مضبوط کرنے اور اس ضمن اپنا بھرپور کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا، جرگہ اس عہد اور دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ باہمی مشاورت اور اتفاق سے امن و امان کو دائم و قائم رکھنے کے لئے ہر سطح پر کام کیا جائے گا اور اداروں کے شانہ بشانہ اقدامات کئے جائیں گے ، دریں اثنانگران صوبائی حکومت نے باجوڑ کے مقامی عمائدین اور مشران کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے جرگہ کو ایک خوش آئند اقدام قرار دیاہے۔