پائیدار اقتصادی ترقی کےلئے تمام سیاسی جماعتیں میثاق معیشت پردستخط کریں، صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری

98
Ahsan Bakhtavari
Ahsan Bakhtavari

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی یقینی بنانے کےلئے تمام سیاسی جماعتیں ایک میثاق معیشت پر دستخط کریں تاکہ طویل مدتی کاروباری اور اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل یقینی بنایا جا سکے ،اس سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی طرف راغب ہوں گے، تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، برآمدات میں اضافہ ہو گا اور معیشت جلد بحال ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور سینٹورس مال اسلام آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سردار یاسر الیاس خان کی جانب سے ان کے اعزاز میں منعقدہ ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جڑواں شہروں کے سرکردہ بزنس لیڈر، آل پاکستان انجمن تاجران، انجمن تاجران راولپنڈی،مرکزی انجمن تاجران کے نمائندگان اور تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔احسن بختاوری نے اپیل کی کہ حکومت 10 سالہ اقتصادی پالیسی بنانے کی کوشش کرے جس سے تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبارکےلئے طویل المدتی منصوبے بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنا معاشی منشور پیش کریں تاکہ بزنس کمیونٹی اور عوام کو یہ معلوم ہو سکے کہ پاکستان کو ایک مضبوط معیشت بنانے کےلئے کس پارٹی کا منشور سب سے بہتر ہو سکتا ہے۔

آئی سی سی آئی کے سابق صدر سردار یاسر الیاس خان نے اس بات پر زور دیا کہ معیشت کی بحالی کےلئے کم از کم 10سالہ معاشی پالیسی تشکیل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں کی ممتاز کاروباری شخصیات کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل میں نمائندگی دی جائے تاکہ یہ کونسل تاجر برادری کی آواز کی روشنی میں فیصلہ سازی کرے جس کے کاروبار، سرمایہ کاری اور معیشت کے لیے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔

آئی سی سی آئی کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت تمام معاشی پالیسیاں نجی شعبے کی مشاورت سے بنانے پر توجہ دے جس سے کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بہتر ہو گا اور معیشت مشکلات سے نکل کر پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو گی۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ثاقب رفیق، اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی صدر رضوانہ آصف، راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے گروپ لیڈر سہیل الطاف، فیڈریشن آف پاکستان رئیلٹیز کے صدر سردار طاہر محمود، ڈاکٹر راشد الیاس خان، چوہدری ندیم الدین اور دیگر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔