16.6 C
Islamabad
منگل, اپریل 1, 2025
ہومقومی خبریںپائیدار امن اور ترقی کے لئے بین المذاہب ہم آہنگی اہمیت کی...

پائیدار امن اور ترقی کے لئے بین المذاہب ہم آہنگی اہمیت کی حامل ہے ، حکومت جامع ترقی کے لئے پر عزم ہے،کھیل داس کوہستانی

- Advertisement -

اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی نے پائیدار امن اور ترقی کے لئے بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جامع ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے اور ہم سب کو ساتھ لیکر آگے بڑھیں گے۔

کھیل داس کوہستانی نے تمام شہریوں کو ان کے مذہب سے قطع نظر مساوی حقوق کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق اقلیتوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے اور ملک بھر میں اتحاد کو فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات جاری ہیں۔

- Advertisement -

سیمینار میں پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیا الحق، آرچ بشپ روان ولیمز اور کرسٹوفر شرف سمیت ممتاز اسکالرز اور مذہبی رہنمائوں نے شرکت کی جس میں بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی۔ شرکا نے فرقہ وارانہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور نفرت، انتہا پسندی اور تقسیم کے خاتمے کے لئے قابل عمل سفارشات پیش کیں۔انہوں نے بین المذاہب مکالمے کے لیے اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، آئی آئی یو آئی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ایک پرامن اور ہم آہنگ معاشرے کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان متنوع مذاہب اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے اور ہمیشہ امن اور محبت کا داعی رہا ہے۔

وفاقی کابینہ میں شمولیت پر وفاقی وزیر کو مبارکباد دی گئی اور تقریب کے شرکا نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے خصوصی پالیسی پر عمل درآمد کا اعتراف کیا۔قومی ہم آہنگی اور سماجی ہم آہنگی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیاجس میں مختلف ماہرین اور اسکالرز نے پائیدار حل پر گفتگو کی۔ سیمینار کا اختتام ملک بھر میں نفرت کے خاتمے اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کے لئے ہر سطح پر کام کرنے کے تجدید عہد کے ساتھ ہوا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577313

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں