پائیدار اور موثر توانائی کے حصول کیلئے پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، بین الحکومتی معاہدوں پرعمل درآمد کریں گے، وزیرخزانہ سینیٹرمحمداورنگزیب کی پی کیوای پی سی کے وفد سےگفتگو

116
پائیدار اور موثر توانائی کے حصول کیلئے پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، بین الحکومتی معاہدوں پرعمل درآمد کریں گے، وزیرخزانہ سینیٹرمحمداورنگزیب کی پی کیوای پی سی کے وفد سےگفتگو
پائیدار اور موثر توانائی کے حصول کیلئے پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، بین الحکومتی معاہدوں پرعمل درآمد کریں گے، وزیرخزانہ سینیٹرمحمداورنگزیب کی پی کیوای پی سی کے وفد سےگفتگو

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے پائیدار اور موثر توانائی کے حصول کیلئے پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی (پی کیوای پی سی) کے وفد کے ساتھ ملاقات میں کہی۔ وفد کی قیادت پاور چائنا ریسورسز کے صدر ر یانگ تیانیو کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک، سیکرٹری پاور ، اور فنانس ڈویژن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیر خزانہ نے توانائی کے شعبے کومضبوط بنانے کے لئے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ،پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں پی کیوای پی سی کے اہم کردار پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے پائیدار اور موثر اورماحول دوست توانائی کے مسائل کے حل کیلئے پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس میں بجلی کے شعبہ سے متعلق مختلف امور بشمول توانائی پیدا کرنے والوں کو ادائیگیوں اور بروقت ادائیگیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے والے مسائل کو حل کرنے کے ممکنہ طریقوں کاجائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں درآمدی ایندھن پرانحصارکم کرنے والے منصوبوں کو مقامی کوئلہ پر چلانے کے لئے تکنیکی اور مالیاتی فزیبلٹی سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں وفد کو بتایا گیا کہ حکومت درآمدی کوئلہ کی بجائے مقامی کوئلے کے استعمال کے ضمن میں ریلوے لائن کا آغاز سمیت اس منتقلی کو آسان بنانے کے لئے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے وفد کو مختلف شعبوں بالخصوص توانائی کے شعبے میں کی جانے والی ڈھانچہ جاتی اصلاحات، سرکاری ملکیتی اداروں کے احیاء نو اورپاور سپلائی کمپنیوں کی نجکاری کے حوالہ سے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے وفد کو ضروری تعاون فراہم کرنے اور پاور پلانٹس کے کام میں رکاوٹ پیدا کرنے والے کسی بھی چیلنج پر قابو پانے کے لیے فوری کارروائی کرنے کے حکومت کے پختہ عزم کا یقین دلایا۔ پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی کے صدر نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے نفاذ میں حکومت کی کوششوں کی تعریف کی اور پورٹ قاسم کول پروجیکٹس کے آپریشنز کو بحال کرنے میں حکومت کی مسلسل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیرخزانہ نے بالخصوص بین الحکومتی منصوبوں سمیت تمام ذمہ داریوں کی ادائیگی کے حوالہ سے حکومتی عزم کااعادہ کیااورکہاکہ ان معاہدوں پران کی روح کے مطابق عمل کیاجائیگا۔

انہوں نے اس امید کااظہارکیا کہ باہمی افہام وتفہیم اورتعاون سے فریقین بجلی کے شعبہ کے دیرینہ مسائل کاپائیدارحل نکال پائیں گے۔ اجلاس میں پی کیوای پی سی، پاور ڈویژن اور فنانس ڈویژن کے اراکین پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ کے قیام کا معاہدہ کیاگیا ۔ورکنگ گروپ روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کی نگرانی کرے گا تاکہ متفقہ اقدامات کے بروقت اور موثر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔