نیویارک۔2جون (اے پی پی):پاکستانی سفارتی وفد کی اہم رکن سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی پاکستان کے استحکام کی بنیاد ہے ،پاکستان علاقائی امن و سلامتی میں واضح دلچسپی رکھتا ہے ، بھارت نے جھوٹے دہشت گردی کے الزامات کو جنگ کے لئے جواز بنانا شروع کر دیا ہے، یہ سلسلہ معمول نہیں بننے دیا جا سکتا، پاکستان دنیا کو بھارتی پالیسیوں کے خطرناک نتائج سے آگاہ کرتا رہے گا، چاہے وہ جنگ ہو یا سفارتی محاذ، ہم ہر محاذ پر دفاع کرنا جانتے ہیں۔
پیر کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی وفد نے نیویارک میں اعلیٰ سطحی کثیر الجہتی ملاقاتوں کے بھرپور شیڈول سے امریکی دورے کا آغاز کر دیا ہے، پاکستان کا وفد اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے گرد بین الاقوامی برادری کو سفارتی ایجنڈا پیش کرنے کے لئے سرگرم ہے، اس بات پر زور دیا گیا کہ ملاقاتیں محض تصویری مواقع نہیں بلکہ سٹریٹجک اہمیت کی حامل ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حیثیت ایک ذمہ دار اور مستحکم مڈل پاور کے طور پر اجاگر کی جا رہی ہے ، پائیدار ترقی پاکستان کے استحکام کی بنیاد ہے ،پاکستان علاقائی امن و سلامتی میں واضح دلچسپی رکھتا ہے ۔ شیری رحمان نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے ، پاکستان کے خلاف بھارت کے من گھڑت بیانیے کو اس بار سچ کا روپ اختیار کرنے نہیں دیا جائے گا، بھارت نے جھوٹے دہشت گردی کے الزامات کو جنگ کے لئے جواز بنانا شروع کر دیا ہے، یہ سلسلہ معمول نہیں بننے دیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اور اسے سنجیدگی سے حل کیا جانا چاہئے، نہ صرف دو ممالک بلکہ پوری دنیا کو جنگ اور ہائپر نیشنل ازم کے ذریعے خطرے میں ڈالنے کی بھارتی پالیسی ناقابل قبول ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف طویل ترین زمینی جنگ لڑی ہے، شہید بے نظیر بھٹو بھی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے خون اور سرمایہ دونوں کی بھاری قیمت ادا کی ہے، بھارت کے جھوٹے بیانیے ہمیں کسی فلمی سکرپٹ کا حصہ نہیں بنا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اہم ذمہ داری سونپی ہے جو بھارتی خلاف ورزیوں پر واضح مؤقف پیش کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو نے پانی، کشمیر اور جنگ و امن کے عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کا ٹھوس مؤقف کامیابی سے پیش کیا ہے، چار روزہ جنگ کے دوران بھارت کی جارحیت پر چیئرمین بلاول کا ردعمل واضح، مدلل اور موثر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست کی حیثیت سے امن پر مبنی وسیع اور منصفانہ مکالمے پر یقین رکھتا ہے، امن کے لئے بات چیت اہم ہے لیکن وزیراعظم مودی کی خطرناک اور غیر ذمہ دار پالیسیوں پر خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی، پاکستان دنیا کو بھارتی پالیسیوں کے خطرناک نتائج سے آگاہ کرتا رہے گا، چاہے وہ جنگ ہو یا سفارتی محاذ، ہم ہر محاذ پر دفاع کرنا جانتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=604293