اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے پائیدار ترقی کے لئے خواتین کو یکساں حقوق کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو ہنر مند بناکر معاشی طور پر مضبوط بنایا جاسکتا ہے، خواتین کو گھروں کے نزدیک ڈیری فارمنگ اور مویشی پالنے کی تربیت دے کر ان کی ماہانہ آمدن میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو یہاں دیہی خواتین کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی سید فخر امام، سفارتی نمائندوں، خواتین کی بہبود کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کی عہدیداران، اینگرو پاکستان کے ایگزیکٹیوزاور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کو یکساں اہمیت اور قدر حاصل ہے، حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ خواتین کو تعلیم، صحت اور ملازمت کے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں خواتین کو تعلیم اور علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات ناگزیر ہیں،خواتین کی ترقی سے معاشرہ بھی ترقی کرے گا، خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا اہم ہے، خواتین کو بااختیار بنانے اور بچیوں کی تعلیم پر توجہ دینا ہوگی۔
خاتون اول نے کہا کہ دیہی علاقوں میں رہنے والی خواتین شہروں میں رہائش پذیر عورتوں کی طرح دفتروں میں ملازمت نہیں کرتیں اس لئے انہیں ڈیری ڈویلپمنٹ کی تربیت اور دیگر ہنر سکھائے جائیں تاکہ وہ اپنی آمدنی میں اضافہ اور اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، عورتوں کو وراثت سے محروم نہیں رکھا جاسکتا بلکہ انہیں جائیداد میں حصہ دینا چاہئے، صدر مملکت بھی اس کیلئے کام کررہے ہیں، وزیراعظم بھی چاہتے ہیں کہ خواتین اپنے پائوں پر کھڑی ہوجائیں۔
بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ خواتین کو اہمیت دی جائے اور ان کے کام کو تسلیم کیا جائے، سیاست کا میدان ہو یا ماڈرن ٹیکنالوجی خواتین آگے بڑھ رہی ہیں، خواتین نے ہر میدان میں اپنا لوہا منوایا ہے،خواتین کو بھی معاشرے میں یکساں اہمیت اور قدر حاصل ہے، حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ انہیں تعلیم، صحت اور ملازمت کے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں رہنے والی خواتین کی حالت بہتر بنانے کے لئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے، دیہی خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں معاشرے میں بہتر مواقع اور دیگر سہولیات فراہم کی جانی چاہئے۔ بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ خواتین کو گھروں کے نزدیک ڈیری فارمنگ اور مویشی پالنے کی تربیت دے کر ان کی ماہانہ آمدن میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید فخر امام نے کہا کہ پاکستان کی خواتین متحرک ہیں، دیہی خواتین نے خودداری اور ہنرمندی کا مظاہرہ کیا ہے جس سے متاثر ہوا ہوں، صدر مملکت اور وزیر اعظم بھی خواتین کی معاشرے میں برابری اور انہیں بااختیار بنانا چاہتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پاکستان کی دیہی خواتین کی حالت سدھارنے کے بارے میں کی جانے والی کوششوں سے شرکا کو آگاہ کیا۔
انہوں نے خواتین میں چھاتی کے سرطان کی آگاہی مہم اور اس سے بچائوکیلئے خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی کے موثر کردار کی تعریف کی۔ تقریب سے اینگرو پاکستان کے ایم ڈی علی احمد خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر پاکستان کے دور دراز علاقوں کی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے بارے میں ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ تقریب میں لائیوسٹاک کے شعبے سے وابستہ نمایاں خواتین نے اپنی جدوجہد اور کامیابی کے بارے میں شرکاء کو تفصیل سے آگاہ کیا۔