پائیدار مقاصد کے حصول کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،جرمن وفاقی وزیر برائے ماحولیات سیونجا شلزے

68

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):جرمنی کی وفاقی وزیر برائے ماحولیات سیونجا شلزے نے ماحولیات کے تحفظ اور فروغ کے لئے پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پائیدار مقاصد کے حصول کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ ہفتہ کو پاکستان کی میزبانی میں عالمی یوم ماحولیات 2021 کی تقریب میں اپنے ویڈیو پیغام کے ذریعے انہوں نے عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی اور اقوام متحدہ کی دہائی برائے بحالی ایکو سسٹم کا آغاز کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

جرمن وزیر نے کہا کہ کرہ ارض کے قدرتی ماحول کو پہچنے والے نقصانات اور ان کے نتیجے میں درپیش خطرات دنیا کے لئے بڑا چیلنج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فطرت کے ساتھ پائیدار تعلق کے لئے ماحول دوست طریقے اپنانے ہوں گے جبکہ قدرتی ماحول کی بحالی کے منصوبوں کو ترجیح دینا ہوگی۔ جرمنی کی وزیر ماحولیات نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے پیش نظر قدرتی ماحول کے تحفظ اور فروغ کے لئے پاکستان کے اقدامات کی ستائش کی اور کہا کہ دنیا کو اس حوالے سے پائیدار مقاصد کے حصول کے لئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔