سکھر۔ 06 نومبر (اے پی پی):پارلیمانی رپورٹرز اسلام آباد کا نمائندہ وفد خیرپور پہنچ گیا ، گمس ہسپتال کا دوره کیا ۔بدھ کو پارلیمانی رپورٹرس کا ایک نمائندہ وفد خیرپور پہنچا ۔ وفد نے پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس ہسپتال) کا دورہ کیا ، دورے کے دوران گمس ہسپتال کے ڈائریکٹر کیپٹن ریٹائرڈ ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی نے وفد کو مختلف شعبوں کا دورہ کروایا ۔اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ گمس ہسپتال سندھ حکومت کی جانب سے دیے گئے فنڈز اور دیگر فنڈز سے کام کررہا ہے جہاں گردوں ، دل، ریڑھ کی ہڈی ، آنکھوں کی آپریشن سمیت دیگر طبی سہولیات بلا تفریق رنگ و نسل بلا معاوضہ فراہم کیے جاتے ہیں
ہسپتال میں پنجاب کے 384، بلوچستان کے 163، اسلام آباد کے 14، افغانستان کے 4 مریضوں کو سہولیات دی جارہی ہیں جبکہ دیہی اور شہری سندھ کے مریض بھی یہاں علاج معالجے کی غرض سے آتے ہیں ہسپتال میں ریڈیو تھراپی، فزیو تھراپی، ڈائلاسسز، جلے ہوئے افراد کے لیے برن سینٹر ، ریپڈ رسپانس سینٹر سمیت میڈیکل کالج کام کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں پبلک سیکٹر میں حالیہ رپورٹ کے مطابق مختلف انسانی اعضاء کی تبدیلی کے 550 آپریشن کیے گئے جس میں گمس ہسپتال سرفہرست ہے ۔
وفد میں پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عثمان فاروق ،جنرل سیکریٹری نوید اکبر چوہدری، احمد نواز خان، محمد اصغر، شاکر یونس عباسی، نادر حسین گرامانی، جاوید نور، عائشہ ناز، عبدالرزاق، عاصم یاسین، محمد عرفان خان، فہد خالد چودھری، اصغر چودھری اور دیگر شامل تھے ۔ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عثمان فاروق نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر سندھ کا دورہ کررہے ہیں اور آج خیرپورپہنچ کر گمس ہسپتال کا دورہ کیا ۔اور ہسپتال کے مختلف ناقابل یقین شعبوں کاجائزہ لیا جبکہ مریضوں سے بھی ان کو ملنے والی طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں
یہ ہسپتال اسٹیٹ آف دی آرٹ ہے جہاں عالمی معیار اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ انگنت طبی سہولیات ایک ہی چھتری کے نیچے دستیاب ہیں اور سب سے اہم بات کہ تمام سہولیات بلا معاوضہ دی جارہی ہیں یہاں آکر بہت خوشی ہوئی اور زیادہ کوش آئند بات کہ سندھ حکومت ایسے اداروں کو اونر شپ دے رہی ہے جس پر سندھ حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن مبارکباد کے مستحق ہیں ہم امید کرتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی ایسے ادارے قائم کرے گی گمس ہسپتال رول ماڈل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے باشندوں نے ہمیں بڑی محبت دی اور مہمان نوازی کی جس پر ہم شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن گمس عامر کھوڑو، ڈائریکٹرانفارمیشن فلمز کراچی حزب اللہ میمن، ڈائریکٹر انفارمیشن سکھر فدا حسین بالادی، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن خیرپور سید ساجد حسین شاہ سمیت دیگر افراد موجود تھے ۔