اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق اور رکن قومی اسمبلی صباء صادق نے سوات میں اچانک آنے والے سیلاب کے باعث 18 سیاحوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔جمعہ کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔ صباء صادق نے سوات کی ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ لاپتہ افراد کی تلاش اور امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی تاخیر نہ کرے۔انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے اپیل کی کہ دریائوں اور ندیوں کے کنارے حفاظتی اقدامات مزید موثر بنائے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
صباء صادق نے اچانک آنے والے سیلاب میں پھنسے سیاحوں کو بچانے میں ریسکیو ٹیموں کی کوششوں کو سراہا۔یاد رہے کہ جمعہ کے روز دریائے سوات میں آئے اچانک سیلاب نے خواتین اور بچوں سمیت 18 سیاحوں کی جان لے لی۔ریسکیو حکام کے مطابق دو بچوں سمیت نو لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ واقعہ سوات کے علاقے فزہ گٹ میں پیش آیا جہاں دو خاندان کے افراد دریا کنارے ناشتے میں مصروف تھے کہ اچانک پانی کی سطح بلند ہو گئی اور کئی افراد بہہ گئے۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں خواتین اور بچوں کو دریا میں پھنسے ہوئے اور کنارے پر موجود لوگوں کو انہیں بے بسی سے دیکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کے مطابق اب تک سات لاشیں مل چکی ہیں جبکہ متعدد افراد مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن کو کئی رکاوٹوں کا سامنا ہے، متاثرین کا تعلق پنجاب اور خیبر پختونخوا سے بتایا جاتا ہے۔