پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا محمد افضل کی ٹی وی چینل سے گفتگو

80
نوشہرہ ، قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کے ماہر امراض قلب نے سٹینوز والو کی شکایت کے ساتھ کامیاب کارڈیو آپریشن کردیا

اسلام آباد ۔ 20 جون (اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ ہم اپنی قیادت سے مطمئن ہیں کہ انہوں نے قطر سے آنے والے پیسوں کی منی ٹریل دے دی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کو چاہیئے کہ متنازعہ بننے کی بجائے صاف و شفاف تحقیقات کو یقینی بنائے کیونکہ جے آئی ٹی نیوٹرل ہوتی ہے اور اسے نیوٹرل ہی ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ توقع بالکل بھی نہیں رکھتے کہ جے آئی ٹی اسے اپنی ہار یا جیت کا کوئی مسئلہ بنائے گی کیونکہ جے آئی ٹی کا کام ہی شفافیت کو برقرار رکھنا ہوتا ہے۔ جے آئی ٹی کو چاہیئے کہ تمام شواہد کو سامنے رکھتے ہوئے تحقیقاتی عمل کو آگے بڑھائے۔ پارلیمانی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت پر ماضی میں بھی جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگتے رہے ہیں جن سے وہ سرخرو ہوئے ہیں، ہمارا دامن صاف ہے اس لیے ہم پر عزم ہیں کہ ہم سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جب بھی اقتدار سنبھالا ملک نے ترقی کی، موجودہ حکومت کے 4 سالہ دور میں بھی ملک و قوم نے ترقی کی ہے۔ رانا محمد افضل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی ٹیم ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات کوشاں ہے اور وہ دن دور نہیں جب ملک سے اندھیروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنا دیا جائے گا۔