اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی کنول شوذب نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی گزشتہ کئی دہائیوں سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے لیکن اس نے صوبے کی بہتری کیلئے کوئی تعمیری کام نہیں کئے، حالیہ بارشوں سے سندھ کی کارکردگی کھل کر سامنے آ گئی ہے، پیپلزپارٹی حکومت پر تنقید اور سیاسی پوائنٹ سکورننگ کرنے کی بجائے کراچی کی گڈگورننس اور ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے اور سندھ حکومت کو بہتر سیاسی نظام کی ضرورت ہے جو لوگوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہو۔ کنول شوذب نے تجویز پیش کی کہ سندھ حکومت اور اس کے وزیراعلیٰ کو صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لئے میڈیا پر بیانات دینے کے بجائے بحران سے نمٹنے کے لئے عملی اقدامات اٹھانے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کراچی کے شہریوں کے مطالبات پورے نہیں کئے جاتے تحریک انصاف کراچی کے شہریوں کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما سندھ کے شہریوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے وفاقی حکومت پر تنقید کرنے میں مصروف ہیں۔کنول شوذب نے کہا کہ کراچی پاکستان کا دل ہے اور تمام نسل کے لوگوں کا گھر ہے لیکن یہ شہر بکھر گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں لوگوں کو بنیادی سہولیات سے محروم کیا جا رہا ہے تاہم ہمیں اس کی روشنیوں اور رونقوں کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ پیپلز پارٹی کی سندھ کے مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی کیونکہ ان کی بدعنوانی بے نقاب ہوگئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستانی عوام کی آخری امید ہیں اور ان کی قیادت میں پوری قوم متحد ہو گئی ہے۔