پارلیمانی سیکرٹری برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر نوشین حامد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

48

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ پاکستان میں دسمبر 2021 ء تک کل آبادی کے تقریبا 70 فیصد کوکورونا ویکسین لگا دی جائے گی، بہت جلد 20 ملین فائیزر ویکسین کی خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی حفاظت، معاشرتی بہبود اور معاشی استحکام کے درمیان توازن برقرار رکھنا حکومت کی حکمت عملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائزر ویکسین کو سٹور کرنے میں مشکلات درپیش آسکتی ہیں کیونکہ اسے منفی 70 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں رکھا جاسکتا ہے،

اس حوالے سے ترقی پذیر ممالک کو کولڈ چین برقرار رکھنا بہت بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائزر ویکسین ملک کے ان محدود علاقوں کو فراہم کی جائے گی جہاں اس کو سٹور کرنے کا مناسب بندوبست ہوگا، فائزر بائیوٹیک اور دیگر ویکسینوں کو ذخیرہ کرنے کے لئے خصوصی ریفریجریٹرز استعمال کیے جائیں گے۔

ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ تمام ویکسینیں طبی ماہرین کی منظور شدہ ہیں، 18 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے ویکسین لگوانے کیلئے رجسٹریشن کھل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ویکسین کی اہمیت کو سمجھ چکے ہیں، بڑی تعداد میں لوگ ویکسی نیشن کے حصول کیلئے خود کو رجسٹرڈ کروا رہے ہیں اور ویکسین لگوانے کیلئے سنٹرز آرہے ہیں ، حکومت تمام افراد کیلئے سینوفرم ، کینسینو ،سائنووک اور آسٹرا زینکا ویکسین مفت فراہم کر رہی ہے۔