
اسلام آباد ۔ 29دسمبر (اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت منصوبہ بندی اور ممبر قومی اسمبلی کنول شوزب نے کہا ہے کہ کیوبا نے پنجاب میں ڈینگی پر قابوپانے کیلئے ماہرین کی ٹیم بجھوا کر پاکستان کی مددکی، کیوبا کی حکومت نے پاکستانی سٹوڈنٹس کے لئے ایک ہزار سکالر شپس دیئے جس کی بدولت ہمارے ہونہار طلباء و طالبات نے کیوبا کے صف اول کے میڈیکل تعلیمی اداروں سے ڈاکٹری کی تعلیم مکمل کی اور یوں کیوبا نے پاکستان کو قابل ڈاکٹروں کا تحفہ پیش کیا،اکتوبر 2005 کے قیامت خیز زلزلے کے متاثرین کی طبی امداد اور بحالی کیلئے میڈیکل ٹیم بھجوائی تھی،پاکستان کیوبا کے ان تمام اقدامات کوانتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور کیوبا کے ساتھ دوطرفہ تعاون میں اضافے کاخواہشمند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کیوبا کے انقلاب کی ساٹھویں سالگرہ کے موقع پر سفیر ا وربیگم گبریل ٹیل کپوٹے کی طرف سے پاک کیوبا سوشل فورم کے تعاون سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں پاک کیوبا ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ، پاک کیوبا فرینڈ شپ ایسوسی ایشن اور گروپ آف سالیڈیرٹی اور سوشل فورم کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ کنول شوزب نے کہاکہ پاکستان میڈیکل اور سیاحت کے شعبوںمیں کیوبا کے تجربا ت سے فائدہ اٹھاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کیوبا کاانقلاب سامراج کے خلاف جمہوری عوامی حقوق کے لئے مزاحمت کی اہمیت کو اجاگر کرتاہے۔ کیوبا کے سفیرنے کنول شوزب کے ان خیالات پر ان کاشکریہ ادا کیا اور کہا کہ کیوبا پاکستان کے ساتھ قریبی اور گرم جوش تعلقات کو بہت اہمیت دیتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ کیوبا سے فار غ التحصیل پاکستانی ڈاکٹرز پاکستان میں ہمارے سفیر ہیں اور دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے لئے ان کا کردار نمایاں ہے۔اس موقع پر سفیرنے مہمانوں کے ساتھ ملکرانقلاب کی سالگرہ کاکیک کاٹا۔ اس دوران انقلاب اور کیوبا کی تعمیروترقی کے حوالے سے خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔