اسلام آباد ۔10 مارچ(اے پی پی) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم یوتھ لون کے تحت قرضے میرٹ پر جاری کئے جاتے ہیں‘ ملک کے چاروں صوبوں سے نوجوانوں نے اس کے لئے درخواستیں دے رکھی ہیں جبکہ فاٹا کی طرف سے اب تک اس پروگرام کے تحت کوئی درخواست بھی موصول نہیں ہوئی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شیخ صلاح الدین کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا محمد افضل خان نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ لون پروگرام نوجوانوں کو اپنے کاروبار کی طرف راغب کرنے کا پروگرام ہے۔