پارلیمانی سیکرٹری عندلیب عباس کا قومی اسمبلی میں جواب

86

اسلام آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان خلیجی خطے میں امن و استحکام کے لئے اپنا کردار موثر طریقے سے ادا کر رہا ہے’ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران بھی اہم امریکی عہدیداروں سے ملاقاتوں میں اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شمس النساء کے سوال پر پارلیمانی سیکرٹری عندلیب عباس نے ایوان کو بتایا کہ اس وقت علاقائی سالمیت اور سلامتی ہمارے لئے اہمیت کی حامل ہے۔ پاکستان نے امن کے سفیر کا کردار ادا کرنا ہے۔ ہماری پالیسی تجارت اور باہمی عزت و احترام کی بنیاد پر ہے۔ ایران کے ساتھ تعلقات پہلے اچھے نہیں تھے’ وزیراعظم نے ایران کا دورہ کیا جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی آئی۔ وزیراعظم کے دورے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے پاکستان کا دورہ کیا۔ وزیراعظم نے ایران اور امریکہ کے درمیان معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔ حنا ربانی کھر کے ضمنی سوال پر عندلیب عباس نے کہا کہ وزیر خارجہ کے خطاب کو نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی میڈیا نے بھی کوریج دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستان اپنا بھرپور سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستانی کوششوں کی وجہ سے بین الاقوامی برادری نے اس تنازعہ کو سنجیدگی سے لیا ہے جس کا ثبوت 16 اگست کو سلامتی کونسل کے اجلاس اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل و انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا کے ردعمل سے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کاز کی حمایت کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔