اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت فرح ناز اکبر نے جمعرات کو دانش سکول اسلام آباد کی تعمیراتی سائٹ کا دورہ کیا جو وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں غریب بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے شروع کیا گیا ایک اہم منصوبہ ہے ،وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے تحت یہ منصوبہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی نگرانی میں 14 جنوری 2025 کو شروع ہوا تھا۔
صرف چار ماہ میں ڈھانچہ جاتی کام مکمل ہو چکا ہے اور سکول اب تزئین و آرائش اور تکنیکی تکمیل کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔اپنے دورے کے دوران انہوں نے منصوبے کے اعلیٰ تعمیراتی معیار کو سراہا۔ فرح ناز اکبر نے وزارت کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ، مشیروں اور کنٹریکٹرز کی پیشہ وارانہ مہارت، محنت اور کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکول اسلام آباد کی بروقت تکمیل حکومت کی تعلیمی اصلاحات اور جامع قومی ترقی کے لئے پختہ عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔
مکمل ہونے کے بعد دانش سکول اسلام آباد اعلیٰ معیار کی تعلیم، جدید سہولتیں اور حوصلہ افزا تعلیمی ماحول فراہم کرتے ہوئے پسماندہ کمیونٹیوں کے طلباء کے لئے ایک مثالی ادارہ بننے کی توقع ہے۔ یہ ادارہ تعلیمی خلا ء کو پر کرنے اور آئندہ نسل کو مستقبل کی کامیابی کے لئے بااختیار بنانے کی موثر کوشش ثابت ہو گا۔