سیالکوٹ ،30 جون (اے پی پی):پارلیمانی نظام حکومت جمہوریت کی روح ہے جو عوام کو اپنے فیصلے خود کرنے کا حق دیتا ہے۔ یہ نظام عوام اور ریاست کے درمیان ایک مقدس اعتماد کا معاہدہ ہے، جسے قائم رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
پاکستانی معاشرے کو سیاسی استحکام، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور قانون سازی میں شفافیت کے لیے ایسے پلیٹ فارمز کی اشد ضرورت ہے جہاں عوامی مسائل کو پارلیمانی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آدم حوا ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر انتظام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا
انہوں نےکہا کہ نوجوان نسل جمہوریت کا اصل سرمایہ ہے اور انہیں چاہیے کہ وہ ووٹ کا استعمال شعوری طور پر کریں، مثبت سیاسی عمل میں حصہ لیں اور قومی مفاد کو ذاتی وابستگیوں پر ترجیح دیں۔تقریب میں آدم حوا ویلفیئر آرگنائزیشن کی پراجیکٹ کوآرڈینیٹر میڈم عائشہ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں مختلف سماجی، سیاسی، تعلیمی اور صحافتی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ،آخر میں جمہوریت کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔