پارلیمانی نظام کی بہتری ان کی ترجیح ہے‘سپیکر اسد قیصر

76

اسلام آباد ۔ 24 فروری (اے پی پی) قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ تمام پارلیمانی معاملات ملکی آئین کے تحت چلائے جائیں گے کیونکہ وہ کسی مخصوص سیاسی جماعت کے نہیں بلکہ پورے ایوان کے محافظ ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون سازی پارلیمان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمانی نظام کی بہتری ان کی ترجیح ہے‘ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے لیے کام کریں اور حساس معاملات پر سیاست کرنے سے گریز کریں۔ سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پارلیمان میں ہر کسی کو اپنی آواز بلند کرنے کا حق حاصل ہے لیکن یہ آئینی حدود میں ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو ملکی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے بلاتفریق بدعنوان عناصر کے احتساب کی حمایت کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک آزاد و خود مختار ادارہ ہے جو کسی بھی دباﺅ کے بغیر آزادانہ طریقے سے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پانچ سال کے بعد پاکستان تحریک انصاف اپنی کارکردگی کے حوالے سے عوام کے سامنے جوابدہ ہو گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضرورت کے مطابق پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جائیں گے۔