پارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کی یورپی یونین کے ماحولیاتی ایلچی انتھونی آگوتھا سے ملاقات ، سندھ طاس معاہدے پر بھارتی اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار

7

برسلز۔13جون (اے پی پی):چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی و پارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے یورپی یونین کے ماحولیاتی ایلچی انتھونی آگوتھا سے اہم ملاقات کی جس میں سندھ طاس معاہدے پر بھارتی اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ جمعہ کو سفارتخانہ سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ماحولیاتی وسائل کو ہتھیار بنانا خطرناک مثال ہے، سندھ طاس جیسے معاہدے کمزور ہوئے تو علاقائی امن کو خطرہ ہوگا۔ اس موقع پر پاکستان کی ماحولیاتی بحران سے شدید متاثرہ ملک کے طور پر پوزیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے 2022 کے سیلاب کے انسانی و اقتصادی نقصانات کو یورپی نمائندے کے سامنے اجاگر کیا اور یورپی یونین سے ماحولیاتی مالیاتی معاونت میں اضافے کی اپیل کی۔ انہوں نے سبز ٹیکنالوجی اور توانائی کی پائیدار منتقلی پر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں مضبوط اور پائیدار انفراسٹرکچر کے لئے شراکت داری پر بھی بات چیت کی گئی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یورپی یونین کی تعمیر نو میں مدد پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک منصفانہ، جامع اور ماحولیاتی طور پر مضبوط مستقبل کے لئے گہری شراکت داری ناگزیر ہے۔ ماحولیاتی چیلنجز کو غیر سیاسی رکھنے پر فریقین نے اتفاق کیا۔ انہوں نے یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان مساوی گرین شراکت داری کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔