پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی کا تھنک ٹینک ہیومن سیکیورٹی انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب

57

اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمے کے 600 دن بعد بھی دنیا جموں وکشمیر میں بھارتی محاصرہ کو ختم کروانے میں ناکام رہی ہے،عالمی برادری ان مظالم سے کشمیریوں کو نجات دلانے کے لئے مداخلت کرے۔وہ ہفتہ کو یہاں تھنک ٹینک ہیومن سیکیورٹی انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو لیگ آف نیشنز کی ناکامی سے سبق حاصل کرنا چاہیے اور دنیا کے امن کے لئے اس طویل حل طلب تنازعہ کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور اس کے علاوہ چین اور روس بھی اس صف میں شامل ہیں،اس خطے میں کوئی بھی تنازعہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

کشمیر کے تنازعہ کے حل میں ناکامی اس خطے کے لئے ٹائم بم سے کم نہیں،چین اور بھارت کے درمیان حالیہ سرحدی تنازعہ اس کی واضح مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کی آزادی، معیشت،اراضی اور شناخت سے محروم کیا جارہا ہے اور کشمیریوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔ کشمیری قوم کو انسانی سلامتی،فوڈ سیکیورٹی،معاشی اور ثقافتی سیکیورٹی جیسے خطرات کا سامنا ہے اور بھارت 5 اگست کے اقڈام کے بعد کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے،یہ اقدام اقوام متحدہ کی مداخلت کے لئے ٹھوس جواز ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بھارتی جنگی جرائم پر بات نہیں کررہا،کشمیر میں نیم بیوہ اور ضمیر کےقیدی خوشحال دنیا کے چہرہ پر ایک دھبہ ہیں،ایک طرف جب دنیا ایکولوجیکل ترقی اور گرین ڈویلپمنٹ کے لئے بہت اخراجات کررہی ہے دوسری طرف بھارتی قابض افواج جنگلات کو ختم کررہی ہیں اور گھروں کو بارود سے اڑا کر کشمیریوں کو بے گھر کیا جارہا ہے ،جب قابض افواج آپ کی زمینوں پر قابض ہوں،آپ کے پیاروں کوقتل کریں،آپ کی خواتین کی عصمت دری کریں اورآپ سے آپ کی جائیداد لے لیں۔دنیا کشمیریوں کو ان قابض افواج کےخلاف مزاحمت سے روک رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجودکے کشمیر میں تربیت یافتہ اور جدید ہتھیاروں سے لیس فوج کشمیری عوام پر ظلم وبربریت کا بازار گرم کئے ہوئے ہے،آزادی کی جدوجہد کرنےوالے کشمیریوں کو دہشت گردکے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔