اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پارلیمان جمہوریت کی بنیاد اور عوام کے اعتماد کی علامت ہے،اسے مضبوط بنانے میں پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ۔ پیر کوپارلیمان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے کی حامل پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اور پارلیمانی نظام کی تقویت کی بات کی ، قائد عوام نے 1973 کا متفقہ آئین دے کر پارلیمانی نظام کو مضبوط کیا جبکہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی اور پارلیمانی بالادستی کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے موقع پر صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر جمہوریت بہترین انتقام کے وژن پر عمل پیرا ہوکر شہید کے مشن کو آگے بڑھایا۔ گورنر نے کہا کہ موجودہ دور میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارلیمانی جمہوریت کے استحکام کے لیے بھرپور آواز اٹھا رہے اور نوجوان نسل کو اس عمل میں متحرک کر رہے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پارلیمانی روایات کا احترام اور اداروں کی مضبوطی ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی ضمانت ہے، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو ان جمہوری اصولوں سے روشناس کرانا ہوگا۔