23.8 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںپارلیمان خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مساوی مواقعوں کی فراہمی...

پارلیمان خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مساوی مواقعوں کی فراہمی کیلئے پُرعزم ہے، سردارایازصادق

- Advertisement -

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں خواتین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، خواتین کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر ترقی و استحکام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، خواتین کے حقوق کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے اور ان کے لیے مساوی مواقعوں کی فراہمی ضروری ہے تاکہ وہ پیشہ ورانہ اور گھریلو ذمہ داریوں میں توازن قائم کر سکیں۔

قومی یومِ خواتین کے حوالے سے اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے سیاست، معیشت، طب، تعلیم، صحافت، دفاع، ٹیکنالوجی، کھیل اور دیگر تمام شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور اپنی محنت، لگن اور عزم کے ذریعے ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے، ہماری قومی تاریخ عظیم خواتین کی خدمات سے بھری ہوئی ہے، جنہوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارنامے انجام دیے۔

- Advertisement -

تحریکِ پاکستان میں خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح کی قیادت میں بیگم رعنا لیاقت علی خان ، بیگم جہاں آرا شاہنواز اور بیگم شائستہ اکرام اللہ سمیت کئی خواتین نے تحریکِ آزادی میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا اور اپنی جدوجہد و قربانیوں سے تاریخ میں اپنا نام رقم کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ قیامِ پاکستان کے بعد بھی خواتین نے جمہوریت کے استحکام اور قومی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، محترمہ بینظیر بھٹو نے بطور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیرِاعظم تاریخ رقم کی جبکہ مریم نوازبطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب نہ صرف پنجاب کی مجموعی ترقی کے لیے کام کر رہی ہیں بلکہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح کے لیے بھی سرگرم ہیں۔

انہوں نے محترمہ کلثوم نوازاور محترمہ نصرت بھٹو کو حراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا کہ انہوں نے جمہوری جدوجہد میں اپنی قیادت، بصیرت اور استقامت سے نمایاں خدمات انجام دیں، ان عظیم خواتین کی جدوجہد نہ صرف پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بھی ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ، معیاری تعلیم و صحت کی فراہمی اور ان کے معاشی استحکام کے لیے اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ خواتین کی ترقی درحقیقت معاشرے کی ترقی ہے۔ انہوں نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے اس قول کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ "کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس کی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ نہ ہوں۔

ایازصادق نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو مساوی مواقع فراہم کیے بغیر قومی ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر قانون سازی کے لیے پُرعزم ہے۔ پارلیمنٹ نے خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ، انسدادِ ہراسگی قانون اور خواتین کی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد قوانین منظور کئے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان خواتین کے تحفظ اور ان کے حقوق کی پاسداری کے لیے سنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان نے ویمنز پارلیمانی کاکس کے قیام کے ذریعے خواتین ارکانِ پارلیمنٹ کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، جہاں وہ خواتین کی فلاح و بہبود اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر سکیں۔ مزید برآں پارلیمنٹ نے جینڈر مین اسٹریمنگ کمیٹی قائم کر کے خواتین کو درپیش چیلنجز کے حل اور ہر شعبے میں ان کی مساوی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔

پارلیمان خواتین کی بہتری کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ، بااختیاری اور ترقی کے لیے کوئی بھی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ ڈبلیو پی سی کا قیام اور جینڈر مین اسٹریمنگ کمیٹی کی تشکیل اس عزم کا واضح ثبوت ہیں۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نےقومی یومِ خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کو درپیش چیلنجز کے خاتمے کے لیے تمام اداروں کو مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں خواتین کی مؤثر نمائندگی اور شمولیت ملک کے جمہوری استحکام کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بطور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیرِاعظم ایک نئی تاریخ رقم کی۔ اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر خواتین کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں کار ہائے نمایاں سر انجام دے سکتی ہیں۔ڈپٹی سپیکر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کوئی بھی قوم ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتی ، حکومت و پارلیمنٹ خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کے مسائل کے حل اور انہیں سماجی و معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=559312

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں