پارلیمان کو مضبوط بنانے کے لئے انتشار کی سیاست سے باہر نکلنا ہوگا، پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری

57

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری نے کہا ہے کہ پارلیمان کو مضبوط بنانے کے لئے انتشار کی سیاست سے باہر نکلنا ہوگا، ماضی کی حکومتوں نے معیشت کو ڈبو دیا تھا، ہم نے عوام کی خواہشات پر پورا اترنے کی کوشش کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اصلاحاتی ایجنڈا لے کر اقتدار میں آئی، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اقتدار کی سیاست کرتے تھے جبکہ پاکستان تحریک انصاف عوام کی سیاست کرتی ہے، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے احتساب کے عمل کو روکا جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے اس کو آگے بڑھایا، اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے ملکی معیشت کو مستحکم کیا۔

ایک سوال کے جواب میں ملیکہ بخاری نے کہا کہ سٹیٹ بینک سے متعلق کوئی آرڈیننس پاس نہیں ہوا، پوری دنیا میں سنٹرل بینک آزاد ہوتے ہیں، تعیناتی کے معاملے پر بحث ہو سکتی ہے اور پارلیمان میں بل پیش کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پارلیمان کو مضبوط بنانے کے لئے انتشار کی سیاست سے باہر نکلنا ہوگا، حکومت کسی بھی معاملے پر پارلیمان میں بل پیش کرتی ہے تو اپوزیشن اس پر بحث نہیں کرتی، اگر اپوزیشن نے کوئی بات کرنی ہے تو پارلیمان میں آ کر کرے، ہم ان کے دلائل سنیں گے اور اپنا موقف بھی پیش کریں گے، اس کے بعد پارلیمان میں جو اکثریتی رائے ہوگی وہ بل پاس ہو جائے گا۔