پارلیمان کی بالادستی اور آئین و قانون کی حکمرانی میں ملک کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے،سردار ایاز صادق

147

اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پہلی دستورساز اسمبلی کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ10 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا،دستور ساز اسمبلی کا قیام قائدین کی عوامی اور جمہوری سوچ کا مظہر تھا،پارلیمان کی بالادستی اور آئین و قانون کی حکمرانی میں ملک کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے ۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمان 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کرتی ہے، عوام کی فلاح وبہبود اولین ترجیح ہے،پارلیمان مضبوط ہو گی تو جمہوریت مضبوط ہوگی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پارلیمان کی بالادستی اور آئین و قانون کی حکمرانی میں ملک کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے،پارلیمان کے زریعے ہی ملک کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے،پارلیمانی نظام کا تسلسل اور جمہوریت کی مضبوطی ملکی بقاء اور سلامتی کیلئے ضروری ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ عوام اور پارلیمان میں تعلق کو مضبوط کرنے کے لیے پارلیمان تک عوامی رسائی کو ممکن بنایا،نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد قومی اسمبلی میں انٹرنشپ کر رہی ہے،شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے قومی اسمبلی سے منسلک عوامی معلومات تک رسائی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے استعداد کار بڑھانے اور کفایت شاری کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرا رہے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اس موقع پر کہا کہ پارلیمان کی مضبوطی اور ملک میں جمہوریت کا تسلسل ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے ناگزیر ہے، پارلیمان کے ذریعے موثر قانون سازی کر کے ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔